انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے اعزاز میں وزیراعظم کا استقبالیہ

0

اسلام آباد – بھارت کو شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے استقبالیہ دیا گیا۔

استقبالیہ تقریب میں وفاقی وزراء، کابینہ کے اراکین، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعظم نے بھارت کے خلاف شاندار فتح پر قومی ٹیم اور کھلاڑیوں کو مبارک باد دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فائنل میں 172 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے سمیر منہاس کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فائنل میں ٹیم نے جس جوش، جذبے اور حوصلے سے مقابلہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے اور پوری قوم کو اپنے نوجوان ہیروز پر فخر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہی ٹیم مستقبل میں انڈر 19 ورلڈ کپ بھی پاکستان کے نام کرے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ یہ پاکستان کی اس ایونٹ میں دوسری کامیابی ہے، جبکہ اس سے قبل 2012ء میں پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر فاتح قرار پائے تھے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.