ایشیا کپ: محسن نقوی کی انڈر 19 ٹیم کی تعریف، بھارتی رویے پر آئی سی سی سے رجوع کا اعلان
اسلام آباد – چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ایشیا کپ جیتنے والی پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ اسکواڈ میں شامل کئی کھلاڑی مستقبل میں قومی ٹیم کا مستقل حصہ بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران غیر معمولی صبر، تحمل اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا، جبکہ بھارتی ٹیم کی جانب سے بارہا پاکستانی کھلاڑیوں کو اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ بھارتی ٹیم کے غیر مناسب رویے سے متعلق تمام شواہد بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ طور پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ گزشتہ واقعات کے باعث ایشیا کپ ٹرافی سے ایک خاص جذباتی وابستگی بن چکی تھی اور یہی وجہ ہے کہ یہ کامیابی پاکستان کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم نے ایک مرتبہ پھر ماضی جیسا رویہ دہرایا، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے ہر موقع پر صبر کا دامن تھامے رکھا اور اپنی توجہ صرف کھیل پر مرکوز رکھی۔
محسن نقوی نے زور دیا کہ سیاست اور کرکٹ کو الگ الگ رکھا جانا چاہیے، کھیل کے میدان میں صرف کھیل بولنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ فائنل سمیت دیگر میچز میں بھی بھارتی ٹیم نے نامناسب طرزِ عمل اختیار کیا، لیکن پاکستان انڈر 19 ٹیم نے مثالی تحمل کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے اعلان کیا کہ ملک کا سب سے بڑا اسٹیٹ آف دی آرٹ ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں تعمیر کیا جا رہا ہے، جس کا افتتاح وزیراعظم پاکستان سے کروایا جائے گا۔ ان کے مطابق یہ مرکز نوجوان کرکٹرز کی تربیت اور جدید سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
آخر میں محسن نقوی نے کہا کہ ان تمام واقعات اور مشاہدات کو آئی سی سی کو رپورٹ کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں کھیل کے وقار کو یقینی بنایا جا سکے۔