امریکہ سے خطرہ: کیوبا کی انٹیلی جنس مادورو کی حفاظت پر مامور، موبائل فون ساتھ رکھنا ممنوع

0

واشنگٹن/کراکس: کیوبا کے انٹیلی جنس اداروں نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی سکیورٹی کو انتہائی سخت کر دیا ہے، جبکہ ان کے قریبی ساتھیوں کو موبائل فون یا کوئی برقی آلہ ساتھ رکھنے سے روکا گیا ہے۔ یہ اقدامات وینزویلا اور امریکہ کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے درمیان سامنے آئے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق کیوبا کی کاؤنٹر انٹیلی جنس فورسز مادورو کو چوبیس گھنٹے سخت سکیورٹی حصار میں رکھے ہوئے ہیں، اور سابق امریکی سفارت کار تھامس اے شینن نے کہا ہے کہ کیوبا مادورو اور ان کے ممکنہ فوری جانشینوں کی حفاظت میں "انتہائی محتاط اور تیار” ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکی افواج نے بحیرہ کیریبین میں وینزویلا سے آنے والے تیل بردار ٹینکروں کو قبضے میں لینا شروع کر دیا ہے۔ بلومبرگ کے مطابق، 10 لاکھ بیرل سے زائد تیل لے جانے والے ایک ٹینکر کو پہلے ہی روکا جا چکا ہے، اور ہفتے کے روز پاناما کا پرچم بردار ٹینکر "بیلا 1” کو بھی روک لیا گیا جب وہ وینزویلا سے کیوبا جا رہا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کی سپلائی میں رکاوٹ کیوبا کے توانائی کے نظام کے لیے سنگین خطرہ ہے، کیونکہ ملک کی بجلی پیدا کرنے والی تنصیبات کا زیادہ تر انحصار وینزویلا کے تیل پر ہے۔ اگر تیل کی فراہمی رک گئی تو بجلی کے بریک ڈاؤن اور پاور گرڈ کی تباہی کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔

یہ اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مادورو حکومت پر سخت تنقید اور خطے میں امریکی فوجی موجودگی بڑھانے کے اقدامات کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.