ٹرمپ کا امریکی تاریخ کا سب سے بڑا بحری جنگی جہاز بنانے کا اعلان، پاک بھارت جنگ رکوانے کا پھر ذکر کردیا

0

واشنگٹن – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی بحریہ کی صلاحیتوں میں تاریخی اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی تاریخ کا سب سے بڑا اور طاقتور بحری جنگی جہاز ’’وکٹری‘‘ امریکا میں تیار کیا جائے گا۔

وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور نیول چیف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فوج دنیا کی بہترین اور مضبوط ترین فورس ہے، جبکہ بحریہ میں جدید ترین طیارہ بردار اور جنگی جہازوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے میں امریکا اپنے اتحادی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نئے بحری جہاز میں جدید گنز، ہائپر سونک میزائل، لیزر سسٹمز اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی شامل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو نئے بحری جہازوں کی اشد ضرورت تھی اور یہ منصوبہ امریکی بحری طاقت کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ امریکا اس وقت 15 جدید ترین آبدوزیں اور تین نئے بحری جہاز تیار کر رہا ہے، جبکہ آبدوز سازی کے شعبے میں امریکا دنیا کے کسی بھی ملک سے کم از کم 15 سال آگے ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق چین اور روس بھی اس میدان میں امریکا کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی بحریہ کو دنیا کی سب سے طاقتور بحریہ بنایا جا رہا ہے، امریکا کی سرحدیں محفوظ ہیں اور معیشت مضبوط بنیادوں پر کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ممالک اور حلقے ماضی میں امریکا کا مذاق اڑاتے تھے، آج وہ امریکی طاقت اور قیادت کا احترام کرتے ہیں۔

منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ منشیات سے بھری کشتیوں کو سمندر میں تباہ کر کے ہر بار تقریباً 25 ہزار جانیں بچائی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق کیریبین میں سمندری راستوں سے منشیات کی اسمگلنگ میں 96.2 فیصد کمی آچکی ہے، جبکہ گزشتہ سال امریکا میں تین لاکھ افراد منشیات کے استعمال سے ہلاک ہوئے۔

جیفری ایبسٹین سے متعلق سوال پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایبسٹین فائلز میں موجود تصاویر دیکھ کر دکھ ہوا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی ایبسٹین کے جزیرے کا دورہ نہیں کیا اور انہیں ماضی میں مارالاگو پام بیچ سے نکال دیا گیا تھا۔

بین الاقوامی امور پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ رکوا کر دس لاکھ جانیں بچائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے بھی اس کردار کی تصدیق کی ہے، جبکہ وہ اب تک دنیا میں آٹھ جنگیں رکوانے میں کردار ادا کر چکے ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.