امریکا نےرضاکارانہ طور پر ملک چھوڑنے والے غیرقانونی تارکین وطن کے لیے وظیفہ تین گنا بڑھا دیا

0

واشنگٹن – امریکی حکومت نے رضاکارانہ طور پر امریکا چھوڑنے والے غیرقانونی تارکین وطن کے لیے مالی مراعات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی (DHS) نے اعلان کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ’’خود ڈی پورٹ‘‘ ہونے والے تارکین وطن کے لیے دی جانے والی مالی امداد تین گنا بڑھا کر 3 ہزار امریکی ڈالر کر دی ہے۔

محکمے کے مطابق یہ وظیفہ ان غیرقانونی تارکین وطن کو دیا جائے گا جو سال کے اختتام تک رضاکارانہ طور پر امریکا چھوڑنے کے لیے رجسٹریشن کرائیں گے۔ اس مالی پیکج کے تحت متاثرہ افراد کو اپنے آبائی ممالک کے لیے مفت فضائی سفر کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکرٹری کرسٹی نوم نے ایک بیان میں کہا کہ غیرقانونی طور پر امریکا میں مقیم افراد کو اس پیشکش سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑ دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو حکام غیرقانونی تارکین وطن کو تلاش کر کے گرفتار کریں گے، جس کے بعد ان کے لیے امریکا واپسی کے دروازے بند ہو سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے مارچ میں CBP Home کے نام سے ایک ری برانڈڈ موبائل ایپ بھی لانچ کی ہے، جس کا مقصد لوگوں کے لیے رضاکارانہ طور پر امریکا چھوڑنے کے عمل کو آسان بنانا ہے۔ اس ایپ کو پہلے CBP One کہا جاتا تھا، جسے سابق بائیڈن انتظامیہ کے دور میں تارکین وطن کو قانونی طور پر امریکا میں داخلے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدام امریکا کی امیگریشن پالیسی میں مزید سختی کی علامت ہے، جس کا مقصد غیرقانونی تارکین وطن کی تعداد میں کمی لانا اور جبری ڈی پورٹیشن کے اخراجات کو کم کرنا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.