پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے زمبابوے روانہ
اسلام آباد – ایشین چیمپئن پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم زمبابوے میں ہونے والی تین ملکی سیریز اور آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے اسلام آباد سے روانہ ہو گئی ہے۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کی قیادت فرحان یوسف کر رہے ہیں۔ روانگی سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے اسلام آباد میں ٹیم ہوٹل میں کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملاقات کی اور انہیں نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔
پاکستانی ٹیم اسلام آباد سے براستہ دبئی زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے روانہ ہوئی۔ اسکواڈ میں شامل تمام 15 کھلاڑیوں کے علاوہ ٹیم مینجمنٹ بھی اسی پرواز کے ذریعے سفر کر رہی ہے۔
پی سی بی حکام کے مطابق ٹیم زمبابوے میں ہونے والی تین ملکی سیریز کے ساتھ ساتھ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرے گی۔ تین ملکی سیریز کا آغاز 25 دسمبر سے ہوگا جبکہ پاکستان انڈر 19 ٹیم اپنا پہلا میچ 27 دسمبر کو کھیلے گی۔
روانگی کے موقع پر کھلاڑی پُراعتماد اور پُرعزم دکھائی دیے۔ ٹیم انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ نوجوان کھلاڑی زمبابوے کے دورے کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور پاکستان کے لیے مزید اعزازات حاصل کریں گے۔