جاپان میں شہریت اور مستقل رہائش کے قوانین مزید سخت کرنے کا فیصلہ
ٹوکیو – جاپان دنیا کے ان چند ترقی یافتہ ممالک میں شمار ہوتا ہے جو بہتر آب و ہوا، مستحکم معیشت اور روزگار کے وسیع مواقع کے باعث غیر ملکیوں کے لیے انتہائی پُرکشش ہے۔ اگرچہ جاپانی شہریت کا حصول آسان نہیں، تاہم یہ ناممکن بھی نہیں۔ ان تمام تر مشکلات کے باوجود ایک اندازے کے مطابق اس وقت جاپان میں تقریباً 20 لاکھ غیر ملکی شہری آباد ہیں جو نسبتاً خوشحال زندگی گزار رہے ہیں۔
تاہم جاپانی حکومت اب شہریت اور مستقل رہائش (پرمننٹ ریزیڈنسی) کے قوانین میں مزید سختی لانے کی تیاری کر رہی ہے، جس کا مقصد امیگریشن نظام کو زیادہ منظم اور مؤثر بنانا بتایا جا رہا ہے۔
شہریت کے قوانین میں مجوزہ تبدیلیاں
میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان کی حکمران جماعت اور اس کی اتحادی جماعتیں ایسے قوانین کو حتمی شکل دے رہی ہیں جن کے تحت:
-
جاپانی شہریت کے لیے کم از کم قیام کی مدت 5 سال سے بڑھا کر 10 سال کرنے کی تجویز ہے
-
مستقل رہائش اور شہریت کے حصول کے لیے جاپانی زبان بولنے اور سمجھنے کی اہلیت لازمی قرار دی جائے گی
یہ اقدامات اس وقت سامنے آئے جب اتحادی جماعت نے موجودہ قوانین کو "ضرورت سے زیادہ نرم” قرار دیا، جس پر وزیر اعظم سانے تاکائچی نے شہریت اور امیگریشن قوانین پر نظرِ ثانی کی ہدایت دی۔
وزارتِ انصاف کا مؤقف
جاپان کی وزارتِ انصاف کے مطابق موجودہ قانون میں صرف کم از کم شرائط درج ہیں اور یہ لازمی نہیں کہ ہر درخواست گزار کو پانچ سال مکمل ہونے پر ہی شہریت دے دی جائے۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ نئے قواعد کے نفاذ سے قبل عوام کو مکمل طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
موجودہ قانون کے تحت شہریت کے لیے درج ذیل شرائط کا جائزہ لیا جاتا ہے:
-
کم از کم 5 سال جاپان میں قیام
-
عمر 18 سال یا اس سے زائد
-
اچھا اخلاقی کردار
-
مالی خود کفالت
-
جاپانی زبان پر مناسب عبور
اعداد و شمار کیا کہتے ہیں؟
وزارتِ انصاف کے مطابق:
-
سال 2024 میں شہریت کے لیے 12,248 درخواستیں جمع ہوئیں
-
ان میں سے 8,863 درخواستیں (تقریباً 70 فیصد) منظور کی گئیں
-
جون 2025 تک جاپان میں تقریباً 9 لاکھ 30 ہزار مستقل غیر ملکی رہائشی مقیم تھے، جو مجموعی غیر ملکی آبادی کا تقریباً 20 فیصد بنتے ہیں
مستقل رہائش کے قوانین بھی سخت
جاپانی حکومت مستقل رہائش کے قواعد میں بھی مزید سختی لانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ پیش رفت 2023 میں امیگریشن کنٹرول قانون میں ترمیم کے بعد سامنے آئی، جس کے تحت:
-
جان بوجھ کر ٹیکس ادا نہ کرنے
-
یا دیگر سنگین خلاف ورزیوں
کی صورت میں مستقل رہائش کی اجازت منسوخ کی جا سکتی ہے۔