اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا۔
این ڈی ایم اے ٹیم کی جانب سے 2026 کے دوران پاکستان اور دیگر ممالک کو ممکنہ خطرات پر بریفنگ دی گئی، وزیر داخلہ کو این ڈی ایم اے کے پیشگی آگاہی اورانتباہ کے لیے فعال جدید نظام کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
.jpg)
پاکستان لینز کی روشنی میں 2026 کے دوران پاکستان کو ممکنہ موسمیاتی خطرات اور ان سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے تمام خطرات کی پیشگی تشخیص اور نگرانی کے لیے فعال ڈیجیٹل پورٹلز اورآفات کے حوالے سے عالمی سطح کی موبائل ایپلی کیشن بارے آگاہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے این ڈی ایم اے کی آفات سے نمٹنے کی حکمت عملی اور اداروں کے مابین رابطہ کاری کو سراہا۔
.jpg)
محسن نقوی نے این ڈی ایم اے اور سول ڈیفنس کے درمیان اشتراک پر بھی زور دیا اور کہا کہ آفات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اور تربیتی کورسز کے لیے سول ڈیفنس اکیڈمی کی خدمات بھی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر داخلہ نے این ڈی ایم اے میں قائم سینٹر آف ایکسیلینس کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر پاکستان میں آفات سے نمٹنے کے نظام کو مزید فعال اور متحرک کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

