پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں توسیع کے لیے دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے عمل میں غیر معمولی دلچسپی سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مجموعی طور پر 12 پارٹیوں کی جانب سے بڈنگ کی پیشکشیں موصول ہوئی ہیں۔
پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل فرنچائزز کے لیے بولیاں دنیا کے پانچ براعظموں سے جمع کرائی گئی ہیں، جو لیگ کی بڑھتی ہوئی عالمی مقبولیت اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بڈنگ دستاویزات جمع کرانے والوں میں امریکی بزنس مین کا کنسورشیم، معروف ٹیلی کام کمپنی، رئیل اسٹیٹ گروپس اور سولر ٹیکنالوجی سے وابستہ ادارے شامل ہیں۔ پی سی بی کے مطابق دو نئی ٹیموں کے ٹینڈرز کے نتائج غیر معمولی حد تک حوصلہ افزا رہے ہیں۔
پی سی بی نے مزید کہا کہ بڈنگ کے پہلے مرحلے کے نتائج کا اعلان 27 دسمبر کو کیا جائے گا، جبکہ اگلا مرحلہ 8 جنوری کو منعقد ہوگا۔ اس مرحلے میں ٹیکنیکی طور پر کوالیفائیڈ بڈرز کو اوپن کمپیٹیشن بڈنگ کے ذریعے دو نئی ٹیمیں خریدنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اس پورے عمل کو شفاف، عالمی معیار کے مطابق اور منصفانہ انداز میں مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہے تاکہ پی ایس ایل کی مزید توسیع، ترقی اور عالمی سطح پر مضبوط حیثیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
