دنیا بھر میں کرسمس کی تقریبات، خوشیوں اور رنگینیوں کا سماں
دنیا بھر میں کرسمس کی خوشیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، مختلف ممالک میں مذہبی تقریبات، ثقافتی سرگرمیوں اور رنگا رنگ جشن کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ سانتا کلاز شہریوں میں خوشیاں بانٹتے نظر آ رہے ہیں۔
ویٹی کن سٹی میں کرسمس کے موقع پر خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا۔ سینٹ پیٹرز اسکوائر میں شاندار کرسمس ٹری اور نیٹیویٹی سین سجایا گیا، جہاں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پوپ لیو نے دعائیہ تقریب سے اپنے پہلے خطاب میں انسانیت کے احترام، غریبوں کی مدد اور بالخصوص تارکینِ وطن کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا۔
مسیحیت کے مقدس شہر بیت اللحم میں کرسمس کی مناسبت سے رنگا رنگ پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہر میں جشن کا ماحول اور مذہبی جوش و جذبہ نمایاں رہا۔
جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں کرسمس کے موقع پر موسیقی کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس سے جشن کی خوشیاں دوبالا ہو گئیں۔ اسی طرح فرانس، اٹلی، روس اور دیگر کئی یورپی ممالک میں بھی کرسمس روایتی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے، جہاں گرجا گھروں میں عبادات اور عوامی مقامات پر تقریبات جاری ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرسمس کے موقع پر سرکاری ملازمین سے ٹیلیفونک گفتگو کی اور انہیں کرسمس کی مبارکباد دی۔ فرانس، اسپین اور اٹلی سمیت کئی ممالک میں بھی کرسمس کی تقریبات بھرپور انداز میں جاری ہیں، جہاں سانتا کلاز بچوں اور خاندانوں میں خوشیاں بانٹتے دکھائی دے رہے ہیں۔
دنیا بھر میں کرسمس کے یہ اجتماعات امن، محبت اور یکجہتی کے پیغام کو اجاگر کر رہے ہیں، جو اس تہوار کی اصل روح کی عکاسی کرتے ہیں۔