نائجیریا: مسجد میں دھماکا، کم از کم سات نمازی شہید
افریقی ملک نائجیریا کے شمال مشرقی شہر مائیڈوگوری میں بدھ کے روز ایک مسجد میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم سات نمازی شہید ہو گئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دھماکا نماز کے دوران ہوا، جس کے باعث مسجد کے اندر شدید نقصان پہنچا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
تاحال کسی مسلح گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور اس کے پیچھے ملوث عناصر کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ مائیڈوگوری ریاست بورنو کا دارالحکومت ہے، جو گزشتہ کئی برسوں سے شدت پسند تنظیم بوکو حرام اور اس کے ذیلی گروہ اسلامک اسٹیٹ ویسٹ افریقہ پروونس (ISWAP) کی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے۔ تاہم خود مائیڈوگوری شہر میں طویل عرصے بعد کسی بڑے حملے کی یہ اطلاع سامنے آئی ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق علاقے میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی ممکنہ مزید کارروائی کو روکا جا سکے۔