امریکہ کا شمال مغربی نائیجیریا میں داعش کے خلاف فضائی حملہ، متعدد دہشت گرد جاں بحق

0

پام بیچ، فلوریڈا — امریکہ نے کہا ہے کہ اس نے نائیجیریا کی حکومت کی درخواست پر شمال مغربی نائیجیریا میں دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے عسکریت پسندوں کے خلاف فضائی حملہ کیا، جس میں متعدد شدت پسندجاں بحق ہو گئے۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم Truth Social پر جاری بیان میں کہا کہ ان کی ہدایت پر امریکی افواج نے داعش کے خلاف “طاقتور اور مہلک” کارروائی کی، جس کا مقصد ان عسکریت پسندوں کو نشانہ بنانا تھا جو خطے میں بے گناہ شہریوں، خصوصاً عیسائی برادری، کو نشانہ بنا رہے تھے۔

امریکی فوج کی افریقہ کمانڈ (AFRICOM) کے مطابق یہ حملہ نائجیریا کے حکام کے ساتھ قریبی تعاون کے تحت صوبہ سوکوٹو میں کیا گیا، جس کے دوران داعش کے کئی عسکریت پسند مارے گئے۔ افریقہ کمانڈ نے ابتدائی طور پر کہا تھا کہ یہ کارروائی نائجیریا کی درخواست پر کی گئی، تاہم بعد میں اس بیان کو سوشل میڈیا سے ہٹا دیا گیا۔

یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صدر ٹرمپ نے اکتوبر کے اواخر میں خبردار کیا تھا کہ نائیجیریا میں عیسائی برادری کو “وجودی خطرے” کا سامنا ہے اور تشدد نہ روکنے کی صورت میں فوجی مداخلت کی دھمکی بھی دی تھی۔

رائٹرز کے مطابق امریکہ نومبر کے آخر سے نائیجیریا کے مختلف حصوں میں انٹیلی جنس اکٹھی کرنے کے لیے فضائی پروازیں بھی چلا رہا ہے۔

نائیجیریا کی وزارت خارجہ نے اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ امریکہ کے ساتھ جاری سیکیورٹی تعاون کا حصہ ہے، جس میں انٹیلی جنس شیئرنگ اور اسٹریٹجک کوآرڈینیشن شامل ہے۔ وزارت کے مطابق شمال مغربی نائیجیریا میں فضائی حملوں کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو درست طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔

پینٹاگون کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں ایک جنگی طیارے سے میزائل فائر کیے جانے کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ ایک امریکی دفاعی اہلکار کے مطابق حملے میں داعش کے معلوم کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے نائیجیریا کی حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “مزید کارروائیاں بھی متوقع ہیں۔”

نائیجیریا کی حکومت کا مؤقف ہے کہ ملک میں سرگرم مسلح گروہ مسلمانوں اور عیسائیوں دونوں کو نشانہ بناتے ہیں، جبکہ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مذہبی تشدد کے مسئلے پر مؤثر اقدامات کے لیے باہمی تعاون ضروری ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.