پاکستانی انڈر 19 ٹیم کا زمبابوے ٹرائی سیریز میں آج افغانستان کے خلاف پہلا امتحان
ہرارے — پاکستانی انڈر 19 کرکٹ ٹیم زمبابوے میں ہونے والی ون ڈے ٹرائی سیریز میں آج ہفتے کو اپنا پہلا میچ افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔ مقابلے سے قبل قومی ٹیم نے بھرپور تیاری کرتے ہوئے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں بھرپور پریکٹس کی تاکہ ممکنہ خامیوں کو دور کیا جا سکے۔
قومی انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں کامیابی کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے اور کوشش ہوگی کہ جیت کے اس تسلسل کو برقرار رکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرائی سیریز ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کے لیے نہایت اہم ہے، جس سے بہترین کمبی نیشن بنانے اور کھلاڑیوں کو مختلف حالات میں آزمانے کا موقع ملے گا۔
فرحان یوسف نے مزید کہا کہ ٹیم نظم و ضبط، اجتماعی کارکردگی اور مثبت حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترے گی اور ہر میچ میں بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کرے گی۔
زمبابوے میں ہونے والی یہ ٹرائی سیریز پاکستانی انڈر 19 ٹیم کے لیے آئندہ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل سمجھی جا رہی ہے۔