ملتان سلطان کو خیر آباد کہنے والے ترین گروپ کا پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کی بڈنگ میں حصہ لینے کا فیصلہ، دستاویزات جمع
اسلام آباد — ترین گروپ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی نئی ٹیموں کی بڈنگ میں حصہ لینے کا باضابطہ فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے درکار دستاویزات جمع کرا دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہفتے کو تکنیکی جانچ کے بعد کوالیفائی ہونے کی صورت میں ترین گروپ کو دیگر بڈرز کے ساتھ 8 جنوری کو کھلی بولی میں شرکت کا موقع مل جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سے ملتان سلطانز کا ترین گروپ سے تعلق 31 دسمبر کو باضابطہ طور پر ختم ہو جائے گا، جس دن فرنچائز معاہدے کی تکمیل پر مہر ثبت کی جائے گی۔ ٹیم اونر علی ترین گزشتہ کچھ عرصے سے لیگ کے معاملات اور ایک پی سی بی آفیشل پر کھل کر تنقید کرتے آ رہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترین گروپ نئی پی ایس ایل ٹیم خریدنے میں سنجیدہ دلچسپی رکھتا ہے اور بڈنگ کے لیے دستاویزات جمع کرانے والی 12 کمپنیوں میں ان کا نام بھی شامل ہے۔ پی سی بی قوانین کے مطابق موجودہ فرنچائز مالکان نئی ٹیم کی بڈنگ میں حصہ نہیں لے سکتے، تاہم 31 دسمبر کے بعد ترین گروپ باضابطہ طور پر فرنچائز اونرز کی فہرست سے باہر ہو جائے گا، جس کے بعد ان کی شرکت ممکن ہو سکے گی۔
پی سی بی کی جانب سے مقررہ معیار پر پورا اترنے والے تکنیکی طور پر کوالیفائیڈ بڈرز کو 8 جنوری کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں ہونے والی کھلی بولی میں پی ایس ایل کی دو نئی ٹیمیں خریدنے کا موقع دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملتان سلطانز ایک ارب 8 کروڑ روپے سالانہ فیس کے ساتھ پی ایس ایل کی مہنگی ترین فرنچائز رہی ہے، جبکہ غیر ملکی کمپنی سے کرائی جانے والی ویلیوایشن کے بعد اس کی فیس ایک ارب 35 کروڑ روپے تک پہنچنے کا امکان تھا۔ ذرائع کے مطابق نئی پی ایس ایل ٹیم کی قیمت سوا ارب سے ڈیڑھ ارب روپے کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔