ایران نے رائل کینیڈین نیوی کو دہشتگرد تنظیم قرار دے دیا
تہران — ایران نے رائل کینیڈین نیوی کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ کینیڈا کی جانب سے 2024 میں پاسدارانِ انقلاب گارڈز (IRGC) کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا کا اقدام بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں اور ریاستی خودمختاری کے منافی ہے۔ بیان کے مطابق ایران اس فیصلے کو یکطرفہ، غیر قانونی اور سیاسی مقاصد پر مبنی قرار دیتا ہے۔
وزارتِ خارجہ نے واضح کیا کہ پاسدارانِ انقلاب گارڈز ایرانی مسلح افواج کا باقاعدہ اور نظریاتی جزو ہیں اور انہیں دہشتگرد تنظیم قرار دینا بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور ریاستوں کے باہمی احترام کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ کینیڈا کے اس اقدام نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید کشیدہ کر دیا ہے اور ایران اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے جوابی اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔