سعودی اتحادی فورسز کے حملے کے بعد یمن میں 90 روز کے لیے ایمرجنسی نافذ
صنعا — یمن نے سعودی اتحادی فورسز کی فضائی کارروائی کے بعد ملک بھر میں 90 روز کے لیے ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق یمنی صدارتی قیادت کونسل نے ایک ہنگامی اجلاس کے بعد ایمرجنسی کے نفاذ کی منظوری دی۔ کونسل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن کی فضائی، بحری اور زمینی حدود ابتدائی طور پر 72 گھنٹوں کے لیے بند رہیں گی، جبکہ سکیورٹی اقدامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں۔
یمنی حکام کے مطابق یہ فیصلہ مشرقی یمن میں واقع مکلا بندرگاہ پر سعودی اتحاد کی محدود فوجی کارروائی کے بعد کیا گیا، جہاں دو بحری جہازوں سے اتارے گئے اسلحے اور فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
یمنی صدارتی کونسل نے کہا ہے کہ ایمرجنسی کے دوران ریاستی اداروں کو غیر معمولی اختیارات حاصل ہوں گے تاکہ قومی سلامتی، بندرگاہوں اور سرحدوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
علاقائی مبصرین کے مطابق یہ پیشرفت سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان یمن کے معاملے پر بڑھتی کشیدگی کی ایک نئی علامت ہے، جس کے اثرات خطے کے امن و استحکام پر مرتب ہو سکتے ہیں۔