ترکیہ میں نئے سال پر دہشتگردی کی منصوبہ بندی ناکام، داعش کے 357 مشتبہ ارکان گرفتار

0

انقرہ: ترکیہ نے نئے سال کے موقع پر ممکنہ دہشتگرد حملوں کو ناکام بناتے ہوئے داعش کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن میں 357 مشتبہ ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائیاں 12 صوبوں میں بیک وقت کی گئیں، جنہیں ترک حکام نے ملکی سلامتی کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

ترک وزیر داخلہ کے مطابق سکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کر کے ملک کو ایک بڑی دہشتگردی سے بچا لیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز یالووا میں ایک الگ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 پولیس اہلکار شہید جبکہ داعش کے 6 دہشتگرد مارے گئے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشتگردی کے راستے پر چلنے والوں کو کبھی موقع نہیں دیا جائے گا اور سکیورٹی فورسز پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گی۔

ترک حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے مزید 137 مشتبہ دہشتگردوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ شامی سرحد پر داعش کی سرگرمیوں کے پیش نظر حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔

وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ ترکیہ دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور کسی بھی دہشتگرد تنظیم کو ملک کے اندر یا سرحدی علاقوں میں سرگرم ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

استنبول کے چیف پبلک پراسیکیوٹر آفس کے مطابق شہر میں 110 ایسے مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جو نئے سال کے موقع پر استنبول میں دہشتگردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ اسی طرح انقرہ کے چیف پبلک پراسیکیوٹر آفس نے داعش سے تعلق رکھنے والے 17 مشتبہ افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، جن میں 11 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھی ترک سکیورٹی فورسز نے استنبول میں کارروائیوں کے دوران 100 سے زائد مشتبہ داعش ارکان کو گرفتار کیا تھا، جن کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا تھا۔

ترک حکام کا کہنا ہے کہ ملکی سلامتی اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور دہشتگردی کے کسی بھی منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.