آئی سی سی کی تازہ پلیئرز رینکنگ جاری، نعمان علی ٹاپ تھری ٹیسٹ بولرز میں شامل
دبئی – انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ کی نئی پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں بولرز اور بیٹرز کی درجہ بندی میں نمایاں تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔
آئی سی سی کی تازہ رینکنگ کے مطابق بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمرا ٹیسٹ بولرز میں بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں، جبکہ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک ایک درجہ ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستان کے اسپنر نعمان علی نے شاندار پیش رفت کرتے ہوئے دو درجے بہتری کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
دیگر بولرز میں آسٹریلیا کے گس ایٹکنسن تین درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ انگلینڈ کے برائیڈن کرس چھ درجے بہتری کے ساتھ 23ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔
پاکستانی بولرز میں شاہین شاہ آفریدی 24ویں، محمد عباس 28ویں اور ساجد خان 29ویں نمبر پر موجود ہیں۔
اسی طرح انگلینڈ کے جوش ٹونگ نے 13 درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے 30ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ
ٹیسٹ بیٹرز کی فہرست میں انگلینڈ کے جو روٹ بدستور سرفہرست ہیں، جبکہ ان کے ہم وطن ہیری بروک تین درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کے سعود شکیل نے ایک درجہ بہتری کے بعد نویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
کرکٹ تجزیہ کاروں کے مطابق نعمان علی اور سعود شکیل کی رینکنگ میں بہتری پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک مثبت اشارہ ہے، جو آئندہ سیریز میں ٹیم کی کارکردگی پر خوش آئند اثر ڈال سکتی ہے۔