دبئی — ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل میں پاکستان کے اوپنر سمیر منہاس نے بھارت کے خلاف شاندار اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کر دی۔ دبئی میں کھیلے گئے فیصلہ کن مقابلے میں سمیر منہاس نے بھارتی بولرز کو کھل کر نشانہ بنایا اور اپنی طوفانی اننگ کے ذریعے میچ کا پانسہ یکطرفہ کر دیا۔
سمیر منہاس نے 113 گیندوں پر 172 رنز کی یادگار اننگ کھیلی، جس میں انہوں نے 17 چوکے اور 9 چھکے لگائے۔ ان کی بیٹنگ میں طاقت، تکنیک اور اعتماد کا شاندار امتزاج دیکھنے میں آیا، جس نے بھارتی بولنگ لائن کو شدید دباؤ میں مبتلا رکھا۔
یہ اننگ کئی حوالوں سے تاریخی ثابت ہوئی۔ سمیر منہاس انڈر 19 سطح پر باونڈریز کے ذریعے سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بیٹر بن گئے۔ انہوں نے اپنی 172 رنز کی اننگ میں سے 122 رنز صرف باونڈریز کی مدد سے حاصل کیے، جو ایک نیا قومی ریکارڈ ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ شمائل حسن کے پاس تھا، جنہوں نے 2023 میں سری لنکا انڈر 19 کے خلاف 150 رنز کی اننگ کھیلی تھی، جس میں 94 رنز باونڈریز سے بنائے گئے تھے۔ شمائل حسن نے اس اننگ میں 13 چوکے اور 7 چھکے لگائے تھے۔
سمیر منہاس کی یہ شاندار کارکردگی نہ صرف پاکستان کی فائنل میں مضبوط پوزیشن کی بنیاد بنی بلکہ انہیں انڈر 19 کرکٹ کے ابھرتے ہوئے بڑے اسٹارز میں بھی شامل کر گئی۔
