ممبئی/بیجنگ – بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی نئی فلم ’بیٹل آف گلوان‘ کو چین میں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ چینی میڈیا اور تبصرہ نگاروں نے فلم پر تاریخی حقائق کو مسخ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ فلم میں سلمان خان کو ایک بھارتی فوجی افسر کے کردار میں دکھایا گیا ہے۔
’بیٹل آف گلوان‘ کی کہانی 2020 میں بھارت اور چین کے درمیان گلوان وادی میں ہونے والی سرحدی جھڑپوں پر مبنی ہے، جن کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں شدید کشیدگی دیکھنے میں آئی تھی۔ اس واقعے کے بعد لائن آف ایکچوئل کنٹرول (LAC) کے قریب فوجی تعیناتی، نگرانی اور دفاعی اقدامات میں نمایاں اضافہ کیا گیا تھا۔
چینی اخبار اور سرکاری بیانیے سے قریب سمجھے جانے والے تبصرہ نگاروں نے فلم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فلمیں زمینی حقائق کے بجائے محض جذباتی اور مبالغہ آمیز بیانیہ پیش کرتی ہیں۔ ایک چینی اخبار نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ “بھارتی فلموں میں دشمن کو ہمیشہ شکست دی جاتی ہے، جبکہ حقیقت میں صورتحال مختلف ہوتی ہے۔”
چینی تبصرہ نگار کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ کی تفریحی اور جذباتی فلمیں تاریخ کو تبدیل نہیں کر سکتیں اور نہ ہی چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے اس عزم کو کمزور کر سکتی ہیں کہ وہ اپنی خودمختار سرزمین کا دفاع کرے۔
واضح رہے کہ سلمان خان کی فلم ’بیٹل آف گلوان‘ 17 اپریل 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی، اور فلم کی نمائش سے قبل ہی اس نے بھارت اور چین کے درمیان ایک نئی سفارتی اور میڈیا بحث کو جنم دے دیا ہے۔
