2025 میں دنیا بھر میں 128 صحافی ہلاک، 533 صحافی قید ہوئے: انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس

2025 میں دنیا بھر میں 128 صحافی ہلاک، 533 صحافی قید ہوئے: انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس

لندن/برسلز — انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (IFJ) نے انکشاف کیا ہے کہ سال 2025 کے دوران دنیا بھر میں 128 صحافی قتل کیے گئے، جن میں سے نصف سے زیادہ اموات مشرقِ وسطیٰ میں ہوئیں۔

آئی ایف جے کے جنرل سیکرٹری انتھونی بیلانگر نے کہا کہ یہ اعداد و شمار 2024 کے بعد اب تک کی بدترین صورتحال کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق،”یہ محض اعداد و شمار نہیں بلکہ دنیا بھر میں صحافیوں کے لیے ایک واضح ریڈ الرٹ ہے۔ کئی خطے اس وقت انتہائی خطرناک اور تشویشناک صورتِ حال سے دوچار ہیں۔”

انتھونی بیلانگر نے بتایا کہ غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران ایک ہی سال میں 56 پیشہ ور صحافی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جو کسی ایک محدود جغرافیائی علاقے میں کم وقت کے دوران صحافیوں کی غیر معمولی ہلاکتوں کی مثال ہے۔

ان کے مطابق، "ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھا کہ اتنے قلیل وقت اور محدود علاقے میں اتنی بڑی تعداد میں صحافی مارے گئے ہوں۔”

آئی ایف جے نے بتایا کہ یمن، یوکرین، سوڈان، پیرو، بھارت اور دیگر ممالک میں بھی صحافیوں کے قتل کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ تنظیم نے ان واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان جرائم میں ملوث عناصر کو عملی طور پر استثنیٰ حاصل ہے، اور جب انصاف فراہم نہیں کیا جاتا تو اس سے صحافیوں کے قاتلوں کو مزید حوصلہ ملتا ہے۔

آئی ایف جے کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں 533 صحافی قید ہیں، جو گزشتہ پانچ برسوں میں دو گنا سے بھی زیادہ اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ چین ایک بار پھر سب سے زیادہ صحافیوں کو قید رکھنے والا ملک ہے، جہاں 143 صحافی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔

اسی طرح ہانگ کانگ میں بھی صورتِ حال تشویشناک قرار دی گئی ہے، جہاں اختلافِ رائے کو دبانے کے لیے قومی سلامتی کے قوانین کے نفاذ پر مغربی ممالک کی جانب سے سخت تنقید کی جا رہی ہے۔

آئی ایف جے نے وضاحت کی کہ اس کی جانب سے جاری کردہ صحافیوں کی ہلاکتوں کی تعداد رپورٹرز وداؤٹ بارڈرز کے اعداد و شمار سے زیادہ ہے، کیونکہ دونوں اداروں کے اعداد و شمار اکٹھا کرنے کے طریقہ کار میں فرق ہے۔ رپورٹ کے مطابق، 2025 میں ہلاک ہونے والے صحافیوں میں 9 ایسے افراد بھی شامل ہیں جن کی موت مختلف حادثات کے باعث ہوئی۔

دوسری جانب، رپورٹرز وداؤٹ بارڈرز کے مطابق رواں برس 67 صحافی دورانِ فرائض جان سے گئے، جبکہ یونیسکو نے یہ تعداد 93 بتائی ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے