53ویں نیشنل اتھلیٹکس چیمپئن شپ اختتام پذیر، مردوں میں پاکستان آرمی اور خواتین میں واپڈا چیمپئن

0

اسلام آباد – اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے زیر اہتمام 53ویں نیشنل اتھلیٹکس چیمپئن شپ گزشتہ روز جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ چیمپئن شپ میں شریک مختلف ٹیموں کے کھلاڑی مقابلوں کے اختتام کے بعد اپنے اپنے علاقوں کو روانہ ہو گئے۔

اس موقع پر ایشیاء اتھلیٹکس فیڈریشن کے نائب صدر اور ساؤتھ ایشین اتھلیٹکس فیڈریشن کے چیئرمین میجر (ر) جنرل محمد اکرم ساہی نے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر برگیڈیئر (ر) وجاہت حسین اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔

چیمپئن شپ کے دوران مردوں کے 24 جبکہ خواتین کے 21 ایونٹس منعقد کیے گئے، جن میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے اتھلیٹس نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ مردوں کے مقابلوں میں پاکستان آرمی کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ پاکستان واپڈا اور پاکستان نیوی نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

خواتین کے مقابلوں میں پاکستان واپڈا نے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن دوسرے اور پاکستان آرمی تیسرے نمبر پر رہے۔

منتظمین کے مطابق چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد نے قومی سطح پر اتھلیٹکس کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کے ابھرنے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.