محسن نقوی کی قوم کو نئے سال کی مبارکباد، 2026 میں عوامی خدمت اور پاکستان کرکٹ کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار

0

لاہور – وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پوری قوم کو سال نو کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سال 2025 کے دوران عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی، اور اللہ کے فضل سے 2026 میں عوامی خدمت کا یہ مشن پہلے سے زیادہ عزم اور رفتار کے ساتھ جاری رہے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سال 2025 دفاعی لحاظ سے پاکستان کی تاریخ کا ایک یادگار سال رہا۔ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت میں پاک فوج نے کئی گنا طاقتور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا، جبکہ پاک فضائیہ نے دشمن کو عبرتناک شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے اس موقع پر مثالی اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے دفاعِ وطن اور قیامِ امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بنیادیں ان بہادر سپوتوں کے مقدس لہو سے مزید مضبوط ہوئیں۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان کو امن، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے عزم، حوصلے اور قومی یکجہتی کے ساتھ ہر چیلنج کا مقابلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2025 میں پاکستان نے کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، جو کھلاڑیوں کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہیں۔

محسن نقوی کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا کامیاب انعقاد پرامن اور محفوظ پاکستان کی فتح تھا۔ فیصل آباد میں 17 سال بعد بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی نے نہ صرف شائقین کے جوش و جذبے میں اضافہ کیا بلکہ پی سی بی کے پیشہ ورانہ انتظامات کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دھماکے کے بعد سری لنکن سیریز اور ٹرائی نیشن سیریز کا محفوظ انعقاد ایک بڑا امتحان تھا، جو سکیورٹی فورسز کی انتھک کوششوں کے باعث کامیابی سے مکمل ہوا۔ یہ کامیابیاں سال 2025 میں پاکستان کرکٹ کے سفر کا ایک مضبوط سنگِ میل ثابت ہوئیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ نئے سال میں پاکستان کرکٹ کو مزید مستحکم، منظم اور پائیدار بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان مضبوط ربط قائم کر کے معیار کو مزید بلند کیا جائے گا، جبکہ اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی میرٹ پر حوصلہ افزائی اور مکمل سپورٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سال 2026 کے دوران اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن، سہولیات میں بہتری اور نئے وینیوز کی شمولیت کو ترجیح دی جائے گی۔ آخر میں چیئرمین پی سی بی نے قومی ٹیم کے لیے نئے سال میں مزید کامیابیوں اور عالمی ایونٹس میں بہتر کارکردگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ 2026 پاکستان کرکٹ کو عالمی سطح پر ایک مضبوط اور باوقار مقام دلانے کا سال ثابت ہوگا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.