پیرو میں غیر رسمی سونے کے کان کنوں پر حملہ، تین افراد ہلاک، سات لاپتہ
لیما – شمالی پیرو میں نئے سال کی شام غیر رسمی طور پر سونے کی کان کنی کرنے والے مزدوروں پر حملے کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور سات لاپتہ ہو گئے۔ یہ واقعہ ملک میں چھوٹے پیمانے پر کان کنوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کے سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہے۔
مقامی میئر ایلڈو مارینو کے مطابق یہ حملہ شمالی صوبے لا لیبرٹاد کے ضلع پٹاز کے ایک قصبے میں پیش آیا۔ انہوں نے مقامی ٹی وی کو بتایا کہ حملہ آوروں نے اچانک کان کنوں کو نشانہ بنایا، جس کے بعد متعدد افراد لاپتہ ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق مئی 2024 میں بھی اسی ضلع میں جرائم پیشہ گروہوں کی جانب سے علاقے پر کنٹرول قائم کرنے کی کوششوں کے دوران 13 غیر رسمی کان کن ہلاک ہو گئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سونے کی غیر قانونی کان کنی سے جڑے منافع نے منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کو ان علاقوں کی طرف متوجہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں مقامی مزدوروں کو مسلسل خطرات کا سامنا ہے۔
حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سکیورٹی فورسز کو متحرک کر دیا گیا ہے۔