کینیڈا میں بھارتی پائلٹ کو نشے کی حالت میں ہونے پر طیارے سے اتار دیا گیا۔

0

وینکوور — کینیڈا کے شہر وینکوور میں ایئر انڈیا کی ایک بین الاقوامی پرواز اس وقت تاخیر کا شکار ہو گئی جب ٹیک آف سے قبل پائلٹ کو نشے کی حالت میں ہونے کے شبے پر طیارے سے اتار دیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایئر انڈیا کی پرواز AI186 روانگی کی تیاری کر رہی تھی کہ اسی دوران ایئرپورٹ پر موجود عملے کے ایک رکن نے پائلٹ کو شراب خریدتے ہوئے دیکھا۔ واقعے کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دی گئی جس کے بعد کینیڈین حکام نے پائلٹ کا معائنہ کیا۔

حکام کے مطابق پائلٹ سے شراب کی بُو محسوس ہونے پر اس کا بریَتھ اینالائزر ٹیسٹ کیا گیا، تاہم وہ مقررہ حفاظتی معیار پر پورا نہ اتر سکا۔ اس صورتحال کو مسافروں کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے حکام نے پائلٹ کو مزید تفتیش کے لیے اپنی تحویل میں لے لیا۔

ایئر انڈیا کے ترجمان نے بتایا کہ ایئرلائن کے حفاظتی ضوابط کے مطابق فوری طور پر متبادل پائلٹ کا انتظام کیا گیا، تاہم نئے پائلٹ کی تعیناتی میں وقت لگنے کے باعث پرواز تاخیر سے روانہ ہوئی۔

ترجمان کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے تک مذکورہ پائلٹ کو عارضی طور پر ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ایئر انڈیا نے اس بات پر زور دیا کہ مسافروں کی حفاظت ایئرلائن کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.