بشکیک — وسطی ایشیائی ملک کرغیزستان نے غیر ملکی شہریوں کے لیے ویزا فری قیام کے قوانین میں اہم تبدیلی کر دی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرغیزستان کی وزارتِ خارجہ نے کابینہ کی جانب سے 31 دسمبر 2025 کو منظور کیے گئے فیصلے کے باضابطہ نفاذ کا اعلان کر دیا ہے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق اس فیصلے کا مقصد مائیگریشن کے عمل کو زیادہ منظم بنانا، غیر ملکی شہریوں کے قیام سے متعلق قوانین میں شفافیت لانا اور ملکی قوانین کو ریاستی مائیگریشن پالیسی کے بنیادی اہداف سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
نئے ضوابط کے تحت غیر ملکی شہری اب ہر بار 30 دن تک بغیر ویزا اور بغیر کسی رہائشی اجازت نامے کے کرغیزستان میں داخل ہو سکیں گے۔ قیام کی یہ مدت غیر ملکی شہری کی ملک میں آمد کی تاریخ سے شمار کی جائے گی۔
قانون کے مطابق 30 دن کی اجازت شدہ مدت مکمل ہونے کے بعد غیر ملکی شہریوں کے لیے لازم ہوگا کہ وہ یا تو
-
کرغیزستان کی حدود سے باہر چلے جائیں،
یا -
ملکی قوانین کے مطابق ضروری دستاویزات حاصل کریں، جن میں ویزا، مستقل یا عارضی رہائشی اجازت نامہ یا دیگر قانونی اجازت نامے شامل ہیں۔
وزارتِ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ یہ تبدیلیاں ان بین الاقوامی معاہدوں پر اثر انداز نہیں ہوں گی جن کے تحت داخلے یا قیام کی مختلف شرائط طے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ نئے قوانین ان افراد پر بھی لاگو نہیں ہوں گے جو ملازمت، تعلیم یا دیگر مخصوص سرگرمیوں کے لیے ملک میں داخل ہوتے ہیں، جن کے لیے پیشگی اجازت نامہ درکار ہوتا ہے۔
کرغیز وزارتِ خارجہ نے غیر ملکی شہریوں اور ان کی میزبانی کرنے والے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ قیام کی مقررہ مدت کی سختی سے پابندی کریں اور سفر کی منصوبہ بندی کرتے وقت ان نئے ضوابط کو ضرور مدنظر رکھیں تاکہ کسی قسم کی قانونی خلاف ورزی سے بچا جا سکے۔
