پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے نئے صدر کرنل نبیل احمد رانا منتخب، ناجیہ رسول جنرل سیکرٹری مقرر

0

اسلام آباد — پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن (پی ٹی ایف) نے تنظیمی ڈھانچے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے کرنل نبیل احمد رانا کو متفقہ طور پر فیڈریشن کا نیا صدر اور ناجیہ رسول کو جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری آرمی فٹنس اینڈ اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کرنل نبیل احمد رانا کو بلامقابلہ صدر منتخب کیا گیا۔ اجلاس میں ارکان نے متفقہ طور پر ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

کرنل نبیل احمد رانا کھیلوں کے انتظامی امور میں مضبوط کمانڈ، مؤثر مینجمنٹ اور ادارہ جاتی نظم و ضبط کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔ ان کا انتخاب پاکستان میں تائیکوانڈو کے نظم و نسق کو مستحکم کرنے اور ادارہ جاتی اصلاحات کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر نے ارکان کے اعتماد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ واضح وژن، مکمل عزم اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے تحت پاکستان تائیکوانڈو کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے کام کریں گے۔

انہوں نے کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود، گراس روٹ سطح پر تائیکوانڈو کی ترقی، کوچز اور آفیشلز کی استعداد کار میں اضافہ، اور کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی مقابلوں کے مواقع بڑھانے کو اپنی ترجیحات قرار دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل لیفٹیننٹ کرنل (ر) راجہ وسیم احمد نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے اسپورٹس پالیسی کی خلاف ورزی پر جاری کی گئی حتمی وارننگ کے بعد صدر کے عہدے سے علیحدگی اختیار کی تھی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.