سعودی ڈیٹا و مصنوعی ذہانت کے عالمی ڈیٹا سینٹر ’’ہیکساگون‘‘ کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا
ریاض — سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی (SDAIA) کے جدید ترین ڈیٹا سینٹر ’’ہیکساگون‘‘ کا باضابطہ سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا۔
اردو نیوز کے مطابق افتتاحی تقریب میں معاون وزیر داخلہ برائے تکنیکی امور شہزادہ فہد بن خالد بن فیصل، وزیر ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئر عبداللہ السواحہ اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
’’ہیکساگون‘‘ ڈیٹا سینٹر 30 ملین مربع فٹ کے وسیع رقبے پر تعمیر کیا جائے گا، جس کی مجموعی صلاحیت 480 میگا واٹ ہوگی۔ یہ منصوبہ ٹائر فائیو عالمی رینکنگ کے معیار پر پورا اترنے والا دنیا کا سب سے بڑا سرکاری ڈیٹا سینٹر ہوگا، جسے اعلیٰ ترین سکیورٹی، آپریشنل تیاری اور الیکٹرانک سروسز پر بڑھتے ہوئے انحصار کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اس موقع پر سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الغامدی نے کہا کہ یہ منصوبہ مملکت کو ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں عالمی قیادت کی جانب لے جانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
جبکہ SDAIA کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عصام الوقیت نے ڈیٹا سینٹر کے مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی پریزنٹیشن دیتے ہوئے بتایا کہ یہ قومی منصوبہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں شروع کیا گیا ہے اور مکمل طور پر ویژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’’ہیکساگون‘‘ ڈیٹا سینٹر کو TIA-942 بین الاقوامی انجینئرنگ معیارات کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے، جو تکنیکی انفراسٹرکچر کی کارکردگی، استحکام اور آپریشنل معیار کو یقینی بناتا ہے۔
یہ ڈیٹا سینٹر ماحول دوست (گرین ڈیٹا سینٹر) ہوگا، جس میں توانائی کی بچت، اسمارٹ کولنگ سسٹمز اور کم توانائی استعمال کرنے والی جدید کمپیوٹنگ ٹیکنالوجیز اپنائی جائیں گی۔ منصوبے کے تحت سالانہ 30 ہزار ٹن کاربن اخراج میں کمی متوقع ہے، جبکہ ملکی معیشت پر اس کے اثرات کا تخمینہ تقریباً 10.8 ارب سعودی ریال لگایا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق ’’ہیکساگون‘‘ ڈیٹا سینٹر خطے میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے حوالے سے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا اور ڈیٹا و مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سعودی عرب کی عالمی حیثیت کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گا۔