زمبابوے سہ ملکی سیریز: پاکستان انڈر 19 کی افغانستان کے خلاف 133 رنز سے شاندار فتح، فائنل 6 جنوری کو ہوگا۔

0

ہرارے — زمبابوے میں جاری سہ ملکی انڈر 19 ون ڈے سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے افغانستان کو 133 رنز سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کر لی۔

سہ ملکی سیریز کا آخری لیگ میچ اتوار کو پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 6 جنوری کو منعقد ہوگا۔

پاکستان انڈر 19 نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 258 رنز اسکور کیے۔ ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم 30.2 اوورز میں 105 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس نے نمایاں بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 49 گیندوں پر 58 رنز اسکور کیے، جن میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
عثمان خان نے 45 گیندوں پر 43 رنز بنائے جبکہ علی حسن بلوچ نے 21 گیندوں پر جارحانہ 32 رنز اسکور کیے۔

دیگر بیٹرز میں احمد حسین 25، فرحان یوسف 21 اور مومن قمر 22 رنز بنا سکے۔ وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باوجود قومی ٹیم نے رن ریٹ کو تیز رکھا۔

افغانستان کی جانب سے سلام خان نے 48 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ زیت اللہ شاہین نے بھی دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ وحید اللہ زدران، نورستانی عمرزئی، خاطر ستانکزئی اور عزیر اللہ نیازئی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں افغانستان انڈر 19 ٹیم کی بیٹنگ مکمل طور پر ناکام رہی۔
فیصل شنوزادہ 20، خالد احمد زئی 15 اور عثمان سادات 9 رنز بنا سکے۔ کپتان محبوب خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
عزیز اللہ میاخیل نے 29 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی تاہم وہ بھی مومن قمر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں خاطر ستانکزئی 18 اور نورستانی عمرزئی 12 رنز بنا سکے، جبکہ آخری وکٹ زیت اللہ شاہین کی احمد حسین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو کی صورت میں گری۔

پاکستان کی جانب سے باؤلنگ میں عمر زیب نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 7 اوورز میں 31 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
احمد حسین عبدالسبحان اور مومن قمر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز میں زمبابوے پہلے ہی تین میچوں سے چار پوائنٹس حاصل کر کے فائنل میں پہنچ چکا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.