بیجنگ – نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار ہفتہ کی شام چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اتوار کو چینی وزیرِ خارجہ وانگ یی کے ہمراہ پاک۔چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی ساتویں نشست کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال، اقتصادی تعاون، سی پیک کے اگلے مراحل اور باہمی اسٹریٹجک شراکت داری کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75ویں سال کے آغاز کی مناسبت سے منعقد ہونے والی خصوصی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے سال 2026 کے دوران اس تاریخی موقع کی یاد میں مختلف مشترکہ اقدامات، ثقافتی سرگرمیوں اور یادگاری پروگرامز کے انعقاد کا منصوبہ بنایا ہے، جن کا مقصد پاک۔چین آہنی دوستی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
