واشنگٹن – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر وینزویلا کی قیادت نے امریکی مطالبات کو نظرانداز کیا تو امریکا کی آئندہ کارروائی پہلے سے کہیں زیادہ بڑی اور فیصلہ کن ہوگی۔
امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز اچھی طرح جانتی ہیں کہ امریکا کس حد تک جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وینزویلا کی قیادت امریکی موقف کو تسلیم کر لے تو فوج بھیجنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی، تاہم بصورت دیگر امریکا ہر آپشن استعمال کرنے کے لیے تیار ہے۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا کا کیوبا کے خلاف فوجی کارروائی کا کوئی ارادہ نہیں۔ ان کے مطابق کیوبا کی حکومت اس قدر کمزور ہو چکی ہے کہ وہ اندرونی دباؤ کے باعث خود ہی گر سکتی ہے، تاہم مستقبل میں کیوبا کے ساتھ تعلقات میں تناؤ پیدا ہونے کا امکان موجود ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا کا اگلا قدم وینزویلا کی نائب صدر اور دیگر اعلیٰ حکام کے فیصلوں اور اقدامات پر منحصر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وینزویلا کے حکام کے پاس اپنی قوم کے لیے ایک منفرد اور تاریخی موقع موجود ہے۔
مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ امریکا کو امید ہے کہ وینزویلا کی قیادت اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایسے فیصلے کرے گی جو ملک اور خطے کے مفاد میں ہوں۔
