لکی مروت اور بنوں میں فائرنگ کے واقعات میں 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
لکی مروت پولیس کے ترجمان کے مطابق سرائے نورنگ شہر میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے فائرنگ کی جس سے ڈیوٹی پر مامور 3 ٹریفک پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں انچارج ٹریفک پولیس نورنگ جلال خان، کانسٹیبل عزیز اللہ اور کانسٹیبل عبداللہ شہید ہوئے۔
ترجمان کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سوار دہشتگرد فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے، شہید پولیس اہلکاروں کی لاشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال سرائے نورنگ منتقل کردی گئی ہے۔
دوسری جانب بنوں پولیس کا کہنا ہے کہ منڈان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا، کانسٹیبل رشید خان گھر سے ڈیوٹی پر تھانا منڈان جا رہا تھا کہ مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہوگیا۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا کی مذمت:
وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لکی مروت میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ہے، انہوں نے دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ٹریفک پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔
سہیل آفریدی نے کہا واقعہ افسوسناک ہے، شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بزدلانہ حملوں سے ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اہلکار فرنٹ لائن پر قربانیاں دے رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا،صوبائی حکومت پولیس فورس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، شہداء کے لواحقین کو ہرممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔
