آئی پی ایل تنازع: بنگلادیش کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کا باضابطہ اعلان

0

ڈھاکا –  بنگلادیش نے آئی پی ایل سے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو ریلیز کیے جانے کے معاملے پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنی قومی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ہنگامی میٹنگ آج دوپہر منعقد ہوئی، جس میں بھارت اور سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق حالیہ پیش رفت اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس کے بعد بورڈ آف گورنرز نے متفقہ فیصلہ کیا کہ بنگلادیش کی قومی ٹیم بھارت کا دورہ نہیں کرے گی۔ اس فیصلے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے اور بی سی بی کو امید ہے کہ آئی سی سی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد جواب دے گی۔

دوسری جانب بنگلادیش کے مشیر برائے کھیل نے بھی اس فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ بنگلادیش ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت کا دورہ نہیں کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جارحانہ اور امتیازی پالیسیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارتی انتہا پسند عناصر کے دباؤ میں آ کر آئی پی ایل سے مستفیض الرحمان کو ریلیز کیا گیا، جس کے بعد دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا۔

ذرائع کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ آئی سی سی سے مطالبہ کرے گا کہ ورلڈ کپ میں بنگلادیش کے میچز سری لنکا منتقل کیے جائیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلادیش کے میچز اس وقت بھارت میں شیڈول ہیں، جن میں تین میچز کولکتہ جبکہ ایک میچ ممبئی میں ہونا ہے۔

ادھر بنگلادیش نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنے اسکواڈ کا بھی اعلان کر دیا ہے۔
لٹن کمار داس کو ٹیم کا کپتان جبکہ سیف حسن کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

بنگلادیش کے گروپ میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، نیپال اور اٹلی شامل ہیں۔
بنگلادیش اپنا پہلا میچ 7 فروری کو کولکتہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلنے کے لیے شیڈول ہے، تاہم موجودہ فیصلے کے بعد میچز کے مقام میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.