ایلون مسک کا وینزویلا کے لیے ایک ماہ تک مفت انٹرنیٹ فراہم کرنے کا اعلان
اسٹارلنک اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ ان کی کمپنی وینزویلا میں ایک ماہ کے لیے مفت انٹرنیٹ سروس فراہم کرے گی۔
اسٹارلنک، جو اسپیس ایکس کی ذیلی کمپنی ہے، وینزویلا کے عوام کو براڈ بینڈ سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرے گا تاکہ موجودہ غیر یقینی حالات کے باوجود شہری دنیا سے جڑے رہ سکیں۔
کمپنی کے مطابق یہ مفت انٹرنیٹ سروس 3 فروری 2026 تک دستیاب رہے گی۔ ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک مختصر پیغام بھی شیئر کیا جس میں انہوں نے وینزویلا کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔
ماہرین کے مطابق اس اقدام کو وینزویلا میں حالیہ سیاسی اور سیکیورٹی کشیدگی کے تناظر میں انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے، جہاں کئی علاقوں میں مواصلاتی نظام متاثر ہونے کے خدشات پائے جاتے ہیں۔
اسٹارلنک کے سیٹلائٹ نیٹ ورک کے ذریعے فراہم کی جانے والی یہ سروس ایسے وقت میں شروع کی جا رہی ہے جب وینزویلا میں انٹرنیٹ تک رسائی کو برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔