صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے: سعودی عرب
ریاض — سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے واضح کیا ہے کہ مملکتِ سعودی عرب صومالیہ کی علاقائی سلامتی اور خودمختاری کی مکمل حمایت جاری رکھے گی اور صومالیہ کے خلاف کسی بھی اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزیرِ خارجہ نے دارالحکومت ریاض میں اپنے صومالی ہم منصب سے ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے بالخصوص صومالیہ کی قومی خودمختاری، داخلی سلامتی اور علاقائی استحکام سے متعلق امور پر گفتگو کی۔ اس موقع پر صومالیہ کے مسئلے پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس سے متعلق پیش رفت بھی زیرِ بحث آئی۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب سفارتی اور بین الاقوامی سطح پر صومالیہ کی حمایت جاری رکھے گا اور اس کی سلامتی و استحکام کے خلاف کسی بھی اقدام کی مخالفت کرے گا۔