وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی کے دوران کیوبا کے 32 سیکیورٹی اہلکار ہلاک، دو روزہ سوگ کا اعلان
ہوانا — کیوبا کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی کے دوران کیوبا کے 32 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں، جس کے بعد ملک میں آج اور کل دو روزہ سوگ منایا جائے گا۔
ہوانا کی جانب سے جاری سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وینزویلا میں ہلاک ہونے والے کیوبا کے سیکیورٹی اہلکاروں کی یاد میں قومی سطح پر سوگ منایا جائے گا، جبکہ ان اہلکاروں کی آخری رسومات بھی انہی دنوں ادا کی جائیں گی۔
کیوبا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ امریکی فوجی آپریشن میں کیوبا کے سیکیورٹی اہلکار مارے گئے، جو وینزویلا کی حکومت کی درخواست پر وہاں تعینات فوجی مشن کا حصہ تھے۔
خبر ایجنسی کے مطابق کیوبا وینزویلا کا قریبی اتحادی ہے اور گزشتہ کئی برسوں سے اس نے وینزویلا میں سیکیورٹی اور دیگر کارروائیوں میں مدد کے لیے اپنی فوج اور پولیس کے دستے تعینات کر رکھے ہیں۔
دوسری جانب وینزویلا کے وزیر دفاع ولادیمیر پیڈرینو نے کہا ہے کہ امریکی کمانڈوز کی کارروائی، جس کے نتیجے میں صدر نکولس مادورو کو گرفتار کیا گیا، میں صدر کی سیکیورٹی ٹیم کا بڑا حصہ ہلاک ہوا ہے۔
سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے بیان میں وزیر دفاع نے ہلاکتوں کی درست تعداد بتانے سے گریز کیا، تاہم اس کارروائی کو وینزویلا کی خودمختاری پر براہِ راست حملہ قرار دیا۔
امریکی کارروائی کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جبکہ وینزویلا اور اس کے اتحادی ممالک کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔