صدر نکولس مادورو کی آج مین ہیٹن عدالت میں پیشی متوقع، امریکی کارروائی کے خلاف نیویارک میں مظاہرے

0

نیویارک — وینزویلا کے اسیر صدر نکولس مادورو کو آج نیویارک کے علاقے مین ہیٹن کی عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے، جہاں ان پر منشیات اسمگلنگ اور دہشت گردی سے متعلق الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی فوجی کارروائی کے بعد صدر مادورو کو حراست میں لے کر خصوصی طیارے کے ذریعے نیویارک منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہیں بروکلین میں واقع میٹروپولیٹن حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے۔

صدر مادورو کی گرفتاری اور وینزویلا پر امریکی فوجی کارروائی کے خلاف حراستی مرکز کے باہر شہریوں کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر وینزویلا کے صدر کی حمایت اور جنگ مخالف نعرے درج تھے۔

احتجاج کرنے والوں کا کہنا تھا کہ وینزویلا کی سرزمین پر امریکی مداخلت قابلِ مذمت ہے اور تیل کے لیے خون بہانے سے گریز کیا جانا چاہیے۔ مظاہرین نے امریکی حکومت کے خلاف اور وینزویلا کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔

دوسری جانب وینزویلا کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کے معاملے پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی آج طلب کیا گیا ہے، جس میں خطے کی صورتحال اور ممکنہ اثرات پر غور کیا جائے گا۔

امریکا کے علاوہ دنیا کے مختلف ممالک میں بھی وینزویلا کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے مظاہرے کیے گئے، جن میں ترکیہ، اسپین اور بھارت شامل ہیں۔

امریکی کارروائی اور صدر مادورو کی گرفتاری کے بعد عالمی سطح پر شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ لاطینی امریکا سمیت دیگر خطوں میں کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.