پاکستان اور زمبابوے کا آخری گروپ میچ بارش کی نذر، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ
ہرارے — زمبابوے میں جاری انڈر 19 ون ڈے ٹرائی سیریز کا آخری گروپ میچ بارش کے باعث مکمل نہ ہو سکا۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بارش کے سبب بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 208 رنز بنائے تھے، تاہم اچانک موسلادھار بارش شروع ہونے کے باعث دوسری اننگز کا آغاز ہی نہ ہو سکا، جس پر امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کی ٹیمیں پہلے ہی ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان انڈر 19 ون ڈے ٹرائی سیریز کا فائنل 6 جنوری کو کھیلا جائے گا۔