بنگلہ دیش کے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست بھارتی بورڈ نے مسترد کر دی
بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کو بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے خارج کیے جانے کے بعد بھارت اور بنگلہ دیش کے کرکٹ تعلقات میں کشیدگی میں اضافہ ہوا، جس کے بعد بی سی بی نے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے ورلڈ کپ میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست دی تھی۔
ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ آئی سی سی سے باضابطہ طور پر مطالبہ کرے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے چاروں لیگ میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں کرائے جائیں۔ اس حوالے سے بنگلہ دیش کے کھیلوں کے مشیر آصف نذرو ل نے تصدیق کی کہ انہوں نے بورڈ کو آئی سی سی سے تحریری درخواست کرنے کی ہدایت دی ہے۔
تاہم واقعے کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر اور سابق کپتان امین الاسلام نے ایمرجنسی بورڈ میٹنگ کے بعد کوئی عوامی بیان جاری نہیں کیا۔
شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش ٹیم کو گروپ مرحلے میں 7 فروری کو ویسٹ انڈیز، 9 فروری کو اٹلی اور 14 فروری کو انگلینڈ کے خلاف کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں میچز کھیلنا ہیں، جبکہ 17 فروری کو نیپال کے خلاف آخری گروپ میچ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک سینئر عہدیدار نے بنگلہ دیش کے مطالبے کو ناقابلِ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ شروع ہونے میں صرف ایک ماہ باقی ہے اور اس مرحلے پر میچز کے مقامات تبدیل کرنا لاجسٹک طور پر ممکن نہیں۔ ان کے مطابق ٹیموں کے ہوائی ٹکٹ، ہوٹل بکنگ اور براڈکاسٹ انتظامات پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں۔
بی سی سی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ میچز کا مقام کسی کی خواہش پر تبدیل نہیں کیا جا سکتا اور اس قسم کی تبدیلیوں سے ٹورنامنٹ کے انتظامات شدید متاثر ہوں گے۔