انڈر 19 تین ملکی سیریز کا فائنل کل پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا
پاکستان انڈر 19 اور زمبابوے انڈر 19 کے درمیان تین ملکی کرکٹ سیریز کا فائنل کل بروز منگل اولڈ ہرارینز گراؤنڈ، ہرارے میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں شاندار کارکردگی کے بعد فائنل تک پہنچی ہیں، جس سے ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم حال ہی میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ اپنے نام کر چکی ہے، جس کے باعث قومی ٹیم کا مورال بلند ہے۔ تین ملکی سیریز میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
بلے بازی میں سمیر منہاس پاکستان کے سب سے نمایاں کھلاڑی رہے، جنہوں نے چار میچز میں 246 رنز اسکور کیے، جبکہ عثمان خان نے بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 225 رنز بنائے۔ بولنگ کے شعبے میں فاسٹ بولر عمر زیب نے تین میچز میں پانچ وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف کا کہنا ہے کہ تین ملکی سیریز نے انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے بہترین تیاری کا موقع فراہم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فائنل میں میزبان زمبابوے کے خلاف کھیلنا ایک چیلنج ہوگا، تاہم ٹیم مثبت انداز میں ٹورنامنٹ کا اختتام کرنا چاہتی ہے۔
کرکٹ شائقین کو دونوں ٹیموں کے درمیان ایک سخت اور دلچسپ مقابلے کی توقع ہے، جہاں نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔