امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے گھر پر توڑ پھوڑ، ایک شخص حراست میں
اوہایو — امریکی ریاست اوہایو میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے گھر پر توڑ پھوڑ کے الزام میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب نائب صدر جے ڈی وینس اور ان کے اہلِ خانہ گھر پر موجود نہیں تھے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا، جبکہ واقعے کی وجوہات اور پس منظر سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نائب صدر اور ان کے خاندان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، تاہم سیکیورٹی انتظامات کا ازسرِنو جائزہ لیا جا رہا ہے۔ مزید تفصیلات تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ریاست اوہایو میں اپنی رہائش گاہ پر توڑ پھوڑ کے واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان تمام افراد کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس واقعے پر افسوس اور یکجہتی کا اظہار کیا، جبکہ انہوں نے سیکریٹ سروس اور دیگر خفیہ اداروں کے خصوصی تعاون کو بھی سراہا ہے۔
امریکی نائب صدر نے بتایا کہ ایک ذہنی طور پر غیر متوازن شخص نے ان کے گھر کے بیرونی حصے کو نقصان پہنچایا، تاہم خوش قسمتی سے واقعے کے وقت وہ اور ان کے اہلِ خانہ گھر پر موجود نہیں تھے۔
جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ وہ سیکریٹ سروس کے اہلکاروں کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے واقعے کے بعد مکمل تعاون فراہم کیا اور فوری سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنایا۔