کراکس — وینزویلا کی سینئر سیاسی رہنما ڈیلسی روڈریگز نے ملک کی قائم مقام صدر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب دارالحکومت کراکس میں منعقد ہوئی جس میں حکومتی وزرا، اعلیٰ سرکاری حکام اور مختلف سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
حلف اٹھانے کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے ڈیلسی روڈریگز نے ملکی استحکام، قومی خودمختاری اور عوامی فلاح کو اپنی حکومت کی اولین ترجیحات قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قیادت میں حکومت قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ معاشی بحالی اور سماجی انصاف کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔
خبر ایجنسی کے مطابق اپنے پہلے باضابطہ بیان میں قائم مقام صدر نے امریکا کو باہمی تعاون اور مل کر کام کرنے کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ وینزویلا عالمی برادری کے ساتھ متوازن، باعزت اور برابری کی بنیاد پر تعلقات کا خواہاں ہے۔
ڈیلسی روڈریگز نے واضح کیا کہ امریکا اور وینزویلا کے درمیان موجود اختلافات کے باوجود مذاکرات اور سفارتی روابط کے ذریعے مسائل کا حل ممکن ہے۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی حکومت وینزویلا کی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی اور کسی بھی بیرونی دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی بحالی، عوامی مسائل کا حل اور سماجی انصاف ان کی حکومت کے بنیادی اہداف ہوں گے۔
دوسری جانب سابق صدر نکولس مادورو کے بیٹے نکولس مادورو گویرا نے قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈیلسی روڈریگز ایک تجربہ کار اور باصلاحیت رہنما ہیں جو قومی مفادات کی بھرپور نمائندگی کرتی ہیں، اور ان کی قیادت میں وینزویلا موجودہ چیلنجز پر قابو پا کر ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔
