آئی سی سی نے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر نسیم شاہ پر جرمانہ عائد کر دیا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کے دوران ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ پر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کرنے والے نسیم شاہ کو ضابطۂ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا، جس پر ان پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ نسیم شاہ نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کی۔
یہ واقعہ اتوار کو انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کے فائنل کے دوران میچ کے 11ویں اوور میں پیش آیا، جس کے بعد میچ آفیشلز نے رپورٹ مرتب کی۔ آئی سی سی کے مطابق نسیم شاہ نے الزامات تسلیم کر لیے، جس کے باعث کسی باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
آرٹیکل 2.5 کے تحت بیٹسمین کو آؤٹ کرنے کے بعد نامناسب زبان، اشاروں یا ایسے رویے سے گریز کی ہدایت دی جاتی ہے جو کھیل کی روح کے منافی ہو۔
یاد رہے کہ لیول ون کی خلاف ورزی پر عموماً وارننگ، جرمانہ یا ڈیمیرٹ پوائنٹس عائد کیے جاتے ہیں، تاہم نسیم شاہ کے خلاف اس معاملے میں صرف مالی جرمانہ ہی نافذ کیا گیا ہے۔