پاکستانی نژاد طالبہ نے لندن اسکول آف اکنامکس کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا

0

لندن – برطانیہ میں مقیم پاکستانی نژاد طالبہ ریحاب شیخ نے عالمی شہرت یافتہ تعلیمی ادارے لندن اسکول آف اکنامکس  کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق ریحاب نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ یونیورسٹی کی غلط گریڈنگ کے باعث انہیں مقررہ وقت میں کیمبرج یونیورسٹی میں ایم فل پروگرام میں داخلہ حاصل نہیں ہو سکا۔

ریحاب شیخ کے بقول، 2023 میں تعلیمی بائیکاٹ کے دوران ان کے مقالے کا جائزہ صرف ایک ہی ریویور نے لیا اور انہیں ابتدائی طور پر 57 نمبر دیے گئے۔ بعد ازاں نظرثانی کے عمل میں یہ نمبر بڑھا کر 72 کر دیے گئے، لیکن ابتدائی غلط گریڈنگ اور اس تاخیر کی وجہ سے کیمبرج یونیورسٹی میں داخلہ ممکن نہ ہو سکا۔

ریحاب نے واضح کیا کہ ان کا مقصد صرف مالی ہرجانہ حاصل کرنا نہیں، بلکہ یونیورسٹی سے غلطی کا باضابطہ اعتراف بھی کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کے ادارے کی جانب سے ایسی غفلت ناقابلِ قبول ہے، خاص طور پر جب اس کے اثرات طالب علم کے کیریئر پر براہِ راست مرتب ہوں۔

تعلیمی ماہرین کے مطابق برطانیہ میں یونیورسٹیوں کے خلاف گریڈنگ یا تشخیصی عمل پر قانونی چارہ جوئی نایاب ہے، لیکن حالیہ برسوں میں طلبہ کی جانب سے شفافیت اور جوابدہی کے مطالبات میں اضافہ ہوا ہے۔

ریحاب شیخ اس وقت برطانوی حکومت کی ایک منسٹری میں اعلیٰ عہدے پر خدمات انجام دے رہی ہیں، اور ان کا کیس اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تشخیصی نظام اور احتساب کے حوالے سے ایک اہم مثال بن سکتا ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے تاحال اس مقدمے پر کوئی تفصیلی عوامی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.