ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بنگلہ دیش کا بھارت جانے سے دوٹوک انکار، سیکیورٹی خدشات کا اظہار

0

ڈھاکہ — بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ڈائریکٹر آصف اکبر نے واضح الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے کسی صورت بھارت نہیں جائے گی۔

بھارت کے حوالے سے سخت مؤقف اپناتے ہوئے آصف اکبر نے کہا کہ آئی سی سی کی جانب سے سری لنکا یا بنگلہ دیش کو بطور وینیو منتخب کرنا ایک الگ معاملہ ہے، تاہم بنگلہ دیش نے اصولی فیصلہ کر لیا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹیم بھارت کا سفر نہیں کرے گی۔ ان کے مطابق بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کے لیے بھارت میں محفوظ ماحول موجود نہیں۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ای میل کے ذریعے اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے اور ساتھ ہی اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست بھی دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی بنگلہ دیش کی درخواست پر ایک یا دو روز میں فیصلہ کر سکتی ہے۔ یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں ہونا ہے، جبکہ شیڈول کے تحت بنگلہ دیش کے چار گروپ میچز بھارت میں رکھے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں آئی پی ایل کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو بھارتی ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے بعد لیگ سے باہر کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد دونوں کرکٹ بورڈز کے تعلقات میں تناؤ پیدا ہوا اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ہنگامی اجلاس بلا کر ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.