کینیڈا نے سیاحت کے فروغ اور بین الاقوامی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے 13 ممالک کے شہریوں کو ویزا فری انٹری کی سہولت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت کیریبین اور لاطینی امریکا سمیت مختلف خطوں کے شہری مخصوص شرائط پوری کرنے کی صورت میں بغیر ویزا کینیڈا کا سفر کر سکیں گے۔
کینیڈین حکام کے مطابق اس پالیسی کے ساتھ الیکٹرانک ٹریول آتھرائزیشن (eTA) پروگرام کا دائرہ بھی مزید ممالک تک بڑھا دیا گیا ہے، جس کا مقصد قلیل مدتی دوروں کے لیے داخلے کے عمل کو آسان اور تیز بنانا ہے۔
نئے ویزا فری ممالک کی فہرست میں اینٹیگوا اینڈ باربوڈا، ارجنٹینا، کوسٹا ریکا، مراکش، پاناما، فلپائن، سینٹ کٹس اینڈ نیوس، سینٹ لوسیا، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گریناڈینز، سیشلز، تھائی لینڈ، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور یوراگوئے شامل ہیں۔ ان میں سے پانچ ممالک کا تعلق کیریبین خطے سے ہے، جسے ان ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کے تناظر میں ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق یہ سہولت ان مسافروں کے لیے ہوگی جو ہوائی سفر کے ذریعے کینیڈا آئیں گے اور جنہوں نے گزشتہ 10 برسوں میں کبھی کینیڈین ویزا حاصل کیا ہو یا اس وقت ان کے پاس امریکا کا درست نان امیگرنٹ ویزا موجود ہو۔ ایسے مسافر بغیر علیحدہ ویزا حاصل کیے کینیڈا میں زیادہ سے زیادہ چھ ماہ تک قیام کر سکیں گے، تاہم eTA حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
کینیڈین حکومت کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کا مقصد سیاحت میں اضافہ، عالمی روابط کو فروغ دینا اور کینیڈا کو بین الاقوامی مسافروں کے لیے مزید پرکشش بنانا ہے۔