وینزویلا اور امریکا کے درمیان دو ارب ڈالر کے تیل کا معاہدہ، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گر گئیں
واشنگٹن – وینزویلا اور امریکا کے درمیان دو ارب ڈالر مالیت کے تیل کی درآمد کے لیے باقاعدہ ڈیل طے پا گئی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ وینزویلا کی عبوری حکومت 30 سے 50 ملین بیرل تیل امریکا کے حوالے کرے گی۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ تیل مارکیٹ میں فروخت کیا جائے گا اور آمدنی پر امریکا کا کنٹرول ہوگا۔ حاصل شدہ رقم دونوں ممالک کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں استعمال کی جائے گی۔
صدر ٹرمپ نے امریکی وزیر توانائی کو معاہدے پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی ہے، اور بتایا کہ تیل بردار جہاز جلد وینزویلا روانہ کیے جائیں گے۔
اس معاہدے کے اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔ برطانوی کروڈ آئل کی قیمت 1.7 فیصد کمی کے بعد 60.70 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کروڈ آئل کی قیمت 2 فیصد کمی کے بعد 57.13 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا کی فوج دنیا کی سب سے طاقتور ہے اور دیگر ممالک کی کوئی فوج اس کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ مادورو کے جانے کے بعد وینزویلا کے عوام خوش ہیں اور سابق صدر نکولس مادورو کی قیادت میں لاکھوں افراد متاثر ہوئے۔