جاپان نے پاکستانی اساتذہ کیلئے MEXT ٹیچرز ٹریننگ اسکالرشپ 2026 کا اعلان کر دیا
اسلام آباد – حکومتِ جاپان نے پاکستانی اساتذہ کے لیے میکسٹ (MEXT) ٹیچرز ٹریننگ اسکالرشپ 2026 کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اسکول ایجوکیشن کے شعبے سے وابستہ اساتذہ کو جاپان میں پیشہ ورانہ تربیت اور تحقیقی تجربہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق منتخب امیدوار جاپان کی کسی تسلیم شدہ یونیورسٹی میں نان ڈگری ٹیچرز ٹریننگ اور ریسرچ پروگرام میں شرکت کریں گے۔ یہ پروگرام کسی بیچلرز، ماسٹرز یا پی ایچ ڈی ڈگری پر مشتمل نہیں ہوگا بلکہ اسے خاص طور پر اسکول ایجوکیشن میں تحقیق اور تدریسی مہارتوں کو بہتر بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ پروگرام کی کامیاب تکمیل پر شرکا کو سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔
یہ اسکالرشپ جاپان کی وزارتِ تعلیم، ثقافت، کھیل، سائنس اور ٹیکنالوجی (MEXT) کی جانب سے پیش کی جا رہی ہے۔ پروگرام کا آغاز عموماً اکتوبر میں ہوتا ہے، جبکہ تدریسی سرگرمیوں سے قبل منتخب امیدواروں کو جاپانی زبان کی تربیت بھی دی جائے گی، کیونکہ زیادہ تر کورسز اور تحقیقی رہنمائی جاپانی زبان میں فراہم کی جاتی ہے۔
اہلیت کے معیار کے مطابق درخواست گزار کی تاریخِ پیدائش 2 اپریل 1991 یا اس کے بعد کی ہونی چاہیے۔ امیدوار کے پاس یونیورسٹی ڈگری یا ٹیچر ٹریننگ کی اہلیت ہونا لازم ہے، جبکہ یکم اکتوبر 2026 تک کم از کم پانچ سالہ تدریسی تجربہ پرائمری، سیکنڈری سطح یا کسی ٹیچر ٹریننگ ادارے میں ہونا ضروری ہے۔ تاہم یونیورسٹی فیکلٹی ممبران اس اسکالرشپ کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ امیدوار میں یہ صلاحیت ہونی چاہیے کہ وہ تقریباً 18 ماہ تک غیر ملکی اور ثقافتی ماحول میں رہ کر تعلیم و تحقیق جاری رکھ سکے، جبکہ جاپانی زبان سیکھنے کی آمادگی بھی لازمی شرط قرار دی گئی ہے۔
درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 فروری 2026 مقرر کی گئی ہے۔ اسکالرشپ سے متعلق مزید تفصیلات اور درخواست دینے کا مکمل طریقہ کار پاکستان میں جاپان کے سفارت خانے کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔