صدر ٹرمپ نے امریکی فوجی بجٹ میں 50 فیصد اضافے کا مطالبہ کر دیا

0

واشنگٹن – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوجی بجٹ کو موجودہ 901 ارب ڈالر سے بڑھا کر 1.5 کھرب ڈالر کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جو تقریباً 50 فیصد اضافہ کے برابر ہے۔ بی بی سی کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ انتہائی خطرناک اور غیر یقینی حالات کا سامنا کر رہا ہے، اس لیے دفاعی اخراجات کو 2027 تک 1.5 کھرب ڈالر تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق یہ اضافہ امریکہ کو ایک “ڈریم ملٹری” بنانے کا موقع دے گا جو ملک کو ہر دشمن کے مقابلے میں محفوظ رکھے گی۔ انہوں نے دفاعی کمپنیوں کی پیداوار اور وعدوں کی کڑی نگرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ کمپنیوں کو جدید ہتھیار تیار کرنے کے لیے نئے کارخانے قائم کرنے چاہئیں۔

اس اعلان کے فوراً بعد امریکی دفاعی سازوسامان بنانے والی بڑی کمپنیوں لاک ہیڈ مارٹن، نارتھروپ گرومن اور ریتیھیون کے شیئرز نیویارک اسٹاک مارکیٹ میں 5 فیصد سے زائد بڑھ گئے۔

صدر ٹرمپ نے دفاعی کمپنیوں کے شیئر ہولڈرز کو کی جانے والی بڑی ادائیگیوں اور ایگزیکٹو تنخواہوں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ کسی بھی ایگزیکٹو کو 5 لاکھ ڈالر سے زیادہ کمانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ یہ بجٹ آسانی سے پورا کر سکتا ہے کیونکہ درآمدات پر عائد ٹیرفز سے اضافی آمدنی حاصل ہو رہی ہے، تاہم فوجی سازوسامان کی پیداوار میں سست روی کے باعث کمپنیوں کو سرمایہ کاری اور پیداوار بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ماہرین اقتصادیات نے خبردار کیا ہے کہ دفاعی اخراجات میں اس قدر اضافہ امریکہ کے اخراجات اور آمدنی کے درمیان فرق کو خطرناک حد تک بڑھا سکتا ہے۔ صدر ٹرمپ کی یہ تجویز ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دنیا بھر میں عسکری اور سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.