یمنی صدارتی قیادت کونسل نے گورنر عدن کو ہٹا دیا، کرفیو نافذ
صنعا – یمنی صدارتی قیادت کونسل نے گورنر عدن احمد حامد لملس کو عہدے سے ہٹا دیا ہے اور عبدالرحمن شیخ عبدلالرحمن الیافعی کو نئے گورنر اور وزیر مملکت مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
العربیہ اردو کے مطابق، صدارتی کونسل کے رکن کمانڈر عبدالرحمن المحرّمی کی ہدایات پر باضابطہ حکم نامہ جاری کیا گیا، جس کے تحت عدن میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ کرفیو رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک برقرار رہے گا، جس کا مقصد سکیورٹی اقدامات کو مضبوط بنانا اور شہر میں استحکام کو یقینی بنانا بتایا گیا ہے۔
حکم نامے میں ہنگامی حالات، سکیورٹی و فوجی اہلکار، اور طبی و خدماتی ٹیموں کو استثنا دیا گیا ہے، لیکن ان کے لیے سرکاری اجازت نامے ضروری ہیں۔ سکیورٹی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر کرفیو پر عمل درآمد کریں، خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کریں اور بلا امتیاز قانونی کارروائی کریں۔
عدن کے ڈپٹی گورنر عدنان الکاف نے یقین دہانی کرائی کہ شہر کی سکیورٹی صورتحال مستحکم ہے اور شہری سرکاری و نجی املاک کی حفاظت میں تعاون کریں۔